دبئی،21/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے برادر ملک کویت کی طرف سے ایرانی سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کے احکامات دینے کی حمایت کی ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق،سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ ریاض نے پڑوسی ملک کویت کے ایرانی سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کے اقدامات کی تائید کی ہے۔خیال رہے کہ کویت نے گذشتہ روز ایک عدالتی فیصلے کے بعد ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کم کرنے کے ساتھ ساتھ کویت میں متعین ایرانی سفیر کو 48گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔یہ پیش رفت العبدلی نامی ایک خفیہ سیل کی ایرانی سفارت کاروں کی طرف سے حمایت اور معاونت کے انکشاف کے بعد سامنے آئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ایران اپنے سفارت کاروں کی مدد سے کویت میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث اس گروپ کی مدد کرتا رہا ہے۔کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت نے ایرانی سفیر کو 48 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ادھر ایرانی حکومت نے بھی سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ کویت میں تہران کے سفیر کو وہاں سے نکل جانے کے احکامات ملے ہیں۔خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق کویتی حکومت کے اقدامات کے بعد تہران میں متعین کویت کے قائم مقام سفیر کو طلب کیا گیا ہے۔قبل ازیں کویت کی حکومت نے کہا تھا کہ اس نے ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی دفتر کے سفارت کاروں کی تعداد کم کردی ہے۔